
اسلام آباد، 15 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ جمہوریت کے موقع پر مساوات، انصاف، آزادی اور قانون کی حکمرانی سمیت جمہوریت کی بنیادی اقدار کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن عوام کی مرضی کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور جمہوری اداروں کے استحکام کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اختیار منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ پارلیمنٹ ملک کا مرکزی جمہوری ادارہ ہونے کے ناطے عوام کی آواز اور امنگوں کی عکاس ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست اور شہریوں کے درمیان تعلقات کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور قانون کے سامنے برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کو عوامی مفاد اور اسلامی اصولوں کے مطابق قانون سازی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ عوامی امنگوں اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق قوانین وضع کرنا پارلیمنٹ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل شرکت یقینی بنانے کے آئینی عزم کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر نمائندگی کے لیے وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق، مفادات اور جائز تحفظات کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں ان کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔