Sunday, November 22

وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے

PM Shehbaz Sharif to Undertake Three-Day Official Visit to Russia from November 30

اسلام آباد، 22 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جہاں ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم روسی صدر پیوٹن کی دعوت پر ماسکو جائیں گے، دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور علاقائی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف ملاقات میں روسی صدر کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دیں گے۔ مذاکرات میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ توانائی، تیل و گیس، صنعتی ترقی اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری نظام اور تجارتی ادائیگیوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تجارت و مالیاتی لین دین سے متعلق مسائل حل کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ایران روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے شروع ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔