Thursday, November 12

وزیراعظم شہباز شریف کا کوہاٹ دہشت گرد حملے میں 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس

PM Shehbaz Sharif Condoles Death of 10 Police Personnel in Kohat Terrorist Attack

اسلام آباد، 12 نومبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حیدر زمان سمیت شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، وطن کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کی ہلاکت خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کے گٹھ جوڑ کو ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جرأت، ثابت قدمی اور فرض شناسی کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔