Tuesday, November 3

وزیراعظم شہباز شریف کا اسپین میں ہولناک ٹرین حادثے پر اظہارِ افسوس

PM Shehbaz Expresses Grief Over Deadly Train Collision in Spain

اسلام آباد، 29 اکتوبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپین کے شہر ٹولیڈو کے قریب دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسپین میں پیش آنے والے المناک ٹرین حادثے پر انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز، اسپین کے عوام اور بالخصوص حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں اسپین کے ساتھ کھڑا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں کم از کم 30 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں ٹرینوں میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔