
اسلام آباد، 27 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم شہباز شریف آج منگل کو جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کریں گے، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان بھی شرکت کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال، علی پرویز ملک اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ مذاکرات میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ممکنہ حکومتی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ یہ ملاقات جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ہو رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کرکے مذاکرات کی دعوت دیے جانے کے بعد جماعت اسلامی نے اپنا مجوزہ لانگ مارچ ملتوی کر دیا تھا۔