
اسلام آباد، 18 ستمبر 2026 (نوشین): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اہم ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے جمعہ کو نائب وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر نے حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے قائم دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت سے نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے دوطرفہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان آئندہ مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 8ویں اجلاس کی تیاریوں میں قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔