Wednesday, September 16

مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش، وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

PM Shehbaz Voices Solidarity with Saudi Arabia After Attempted Drone Attack on Makkah 

 اسلام آباد، 16 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف نے مقدس مقام مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کی سلامتی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم اس افسوسناک واقعے پر شدید غمزدہ اور پریشان ہے، یہ ایک قابل مذمت اور ناقابل معافی اقدام ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی شاہی مسلح افواج کی غیر معمولی چوکسی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی سے گریز کریں، کیونکہ خطہ پہلے ہی تنازعات کے باعث بہت نقصان اٹھا چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی پائیدار راستہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے لیے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، کیونکہ مقدس مقامات کا تحفظ ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے۔