
نئی دہلی، 21 نومبر 2026 (غفران): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں کے لیے ایک بڑا خطرہ اور دشمن قرار دیا ہے، جبکہ جنوبی ایشیائی ممالک پر اس کے تباہ کن اثرات کو بھی اجاگر کیا۔ ہفتے کے روز فورم سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تہذیبوں کا اصل دشمن کوئی دوسری تہذیب نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی ہے، جو خطے کے لیے سنگین ماحولیاتی چیلنجز پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے نیپال میں 26 اگست کو آنے والے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیا، جس میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں لاپتا ہوگئے تھے، جبکہ پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کا بھی ذکر کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں مون سون سیلاب کے نتیجے میں تقریباً 1700 افراد جان سے گئے اور ملک کا ایک تہائی حصہ زیرِ آب آگیا تھا، جس میں تقریباً پورا صوبہ سندھ بھی شامل تھا۔ شدید بارشوں کے تباہ کن اثرات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف چار روز کی بارش نے موئن جو دڑو کی دیواریں گرا دیں، حالانکہ یہ دیواریں ساڑھے چار ہزار سال تک قائم رہیں اور کوئی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکا تھا۔ وفاقی وزیر تین روزہ دورے پر نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ مئی 2023 میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے گوا میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ فورم کے موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے ایران اور تاجکستان کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ پاکستان ہائی کمیشن انڈیا کے مطابق وہ فورم کے دوسرے روز شرکت کے لیے نئی دہلی کے تاریخی مقام پرانا قلعہ پہنچے۔