
غزہ، 24 نومبر 2026 (غفران): غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں حماس کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار سمیت کم از کم 7 فلسطینی شہید ہو گئے، حالانکہ گزشتہ سال اکتوبر سے جنگ بندی نافذ ہے۔ غزہ کی وزارت داخلہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں بریگیڈیئر جنرل نعیم ابو نہال بھی شامل ہیں، جو داخلی سلامتی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔ وہ غزہ سٹی کے علاقے الرمال میں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال کے مطابق اسی حملے میں متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ غزہ سٹی کے قریب ایک دوسرے اسرائیلی فضائی حملے میں 17 سالہ نوجوان سمیت 3 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں پولیس اسٹیشن پر تیسرے فضائی حملے کے نتیجے میں مزید 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ غزہ پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں 23 اور 33 سال کی عمر کے دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ پولیس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پولیس کے نظام کو نشانہ بنانے کی جاری مہم کا حصہ قرار دیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے حماس کے ایک سینئر عہدیدار کو نشانہ بنایا اور پولیس اسٹیشن کے قریب دہشت گردوں پر حملہ کیا، تاہم 17 سالہ نوجوان کی ہلاکت سے متعلق حملے کی تصدیق نہیں کی۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیل اور حماس ایک دوسرے پر اکتوبر 2025 میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔ اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی دو سالہ جنگ کے اختتام پر یہ جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔ اے ایف پی کی جانب سے غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار پر مبنی گنتی کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 1,650 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران اس کے 7 فوجی اور ایک سویلین کنٹریکٹر ہلاک ہوئے ہیں۔ غزہ کی تقریباً 21 لاکھ آبادی کی اکثریت تاحال بے گھر ہو کر خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق اسے غزہ کے 60 فیصد سے زائد علاقے پر کنٹرول حاصل ہے۔