برلن، 25 اکتوبر 2026 (غفران): صدر مملکت آصف علی زرداری جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد برلن سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ برلن ایئرپورٹ پر جرمن حکام اور پاکستان کے سفیر نے صدر کو الوداع کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے جرمن صدر کی دعوت پر جرمنی کا سرکاری دورہ کیا۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد صدر پاکستان کا جرمنی کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ یہ تاریخی دورہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور جرمن صدر کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کو فروغ دینے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ جرمنی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور صدر کا کامیاب دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔
