Tuesday, August 25

سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے شادی کا اعلان کردیا

Senior actress Humaira Bano announces marriage

کراچی، 25 اگست 2026 (غفران): پاکستان کی سینئر ٹیلی ویژن اداکارہ حمیرا بانو نے شادی کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں اور فالوورز کے ساتھ خوشخبری شیئر کردی۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے، تاہم تصاویر میں ان کے شوہر کا چہرہ نظر نہیں آ رہا۔ حمیرا بانو نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں قسمت اور تقدیر کے حوالے سے جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان بعض اوقات اپنی زندگی کے لیے منصوبے بناتا ہے، لیکن اللہ کی اپنی حکمت اور منصوبہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اللہ کسی چیز کا ارادہ فرماتا ہے تو منزل تک پہنچنے کا راستہ آسان ہوجاتا ہے۔ حمیرا بانو پاکستانی ٹیلی ویژن کا ایک معروف چہرہ ہیں اور کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ وہ بالخصوص ماں اور معاون کرداروں میں اپنی پرفارمنس کے باعث ناظرین میں مقبول ہیں۔ اداکارہ کو حالیہ عرصے میں اپنی اداکاری پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور وہ ایک نئے ڈرامے میں محمد احمد اور فہد شیخ کے ساتھ نظر آئیں گی۔ شادی کے اعلان کے بعد حمیرا بانو کے دوستوں اور ساتھی فنکاروں نے انہیں مبارکباد دی اور زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک اور عرفان موتی والا سمیت متعدد فنکاروں نے حمیرا بانو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوشگوار ازدواجی زندگی کی دعائیں دیں۔