Sunday, October 25

سپارکو کے زیر اہتمام خلائی ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی اقدامات پر اقوام متحدہ، پاکستان پانچ روزہ کانفرنس 27 اکتوبر سے شروع ہوگی

SUPARCO to Host Five-Day UN-Pakistan Conference on Space Technology and Climate Action

اسلام آباد، 25 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے زیر اہتمام خلائی ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور آفات کے خطرات کے جائزے سے متعلق پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس 27 سے 31 اکتوبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اقوام متحدہ اور پاکستان کے اشتراک سے ہونے والی اس کانفرنس کا عنوان ’’سب کے لیے بروقت پیشگی انتباہ، ماحولیاتی اقدامات اور آفات کے خطرات کے جائزے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی سے استفادہ‘‘ ہے۔ کانفرنس میں 200 سے 250 قومی و بین الاقوامی شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جن میں ماہرین، پالیسی ساز، محققین اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مشترکہ اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر برائے بیرونی خلائی امور (یو این او او ایس اے) کے پروگرام یو این اسپائیڈر، ایشیا پیسیفک اسپیس کوآپریشن آرگنائزیشن (اے پی ایس سی او) اور انٹرنیشنل اسپیس نیٹ ورک (آئی ایس این ای ٹی) کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کے دوران اس بات پر غور کیا جائے گا کہ سیٹلائٹ مشاہدات، زمین کے مشاہدے سے حاصل ہونے والے ڈیٹا اور جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجیز کے ذریعے پیشگی انتباہی نظام کو کس طرح مؤثر بنایا جا سکتا ہے اور سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی سمیت موسمیاتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ کانفرنس کا مقصد خلائی معلومات کے عملی استعمال کے ذریعے پاکستان کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، آفات کے خطرات کم کرنے اور بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مضبوط بنانا بھی ہے۔ کانفرنس کا اختتام 31 اکتوبر کو اختتامی تقریب اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تکنیکی دورے کے ساتھ ہوگا، جہاں آفات کے انتظام میں سیٹلائٹ ڈیٹا اور جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو اجاگر کیا جائے گا۔