
کراچی، 17 نومبر 2026 (غفران): فلور ملز ایسوسی ایشن نے کراچی سمیت سندھ بھر میں گندم کی ممکنہ شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آٹے کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک اقبال کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے گندم کی فراہمی کا اعلان کیے جانے کے باوجود ایک ماہ گزرنے پر بھی فلور ملز کو سرکاری گندم فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گندم کا کوٹہ صرف سرکاری ریکارڈ تک محدود ہے، جبکہ فلور ملز تاحال گندم کے حصول کی منتظر ہیں۔ گندم کی عدم دستیابی کے باعث کوٹری اور جامشورو سمیت اندرون سندھ کی متعدد فلور ملز پہلے ہی بند ہو چکی ہیں، جبکہ خدشہ ہے کہ یہی صورتحال برقرار رہی تو کراچی کی فلور ملز بھی اپنا کام بند کرنے پر مجبور ہو سکتی ہیں، جس سے مارکیٹ میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قلت کے باعث فلور ملز اپنی یومیہ ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں اور صوبے میں گندم کی طلب اور رسد کے درمیان فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب درآمدی گندم کی فراہمی کے لیے بھی کچھ انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت کراچی پورٹ سے ایک فلور مل کو 5 ہزار بوری گندم کے چالان جاری کیے گئے ہیں اور ملز کو بندرگاہ سے براہ راست گندم اٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم کی ایک نئی کھیپ آئندہ 15 سے 20 روز میں کراچی پہنچنے کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں گندم کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں نجی درآمد کے ذریعے گندم کی فی کلو لاگت تقریباً 100 روپے آنے کا تخمینہ ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ بحران پر قابو پانے کے لیے فلور ملز کو فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم فراہم کی جائے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے مہینوں میں گندم کی سپلائی مزید کم ہونے سے آٹے کی دستیابی شدید متاثر ہو سکتی ہے اور مارکیٹ میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔