Sunday, September 13

سلمان علی آغا کی ناقابل شکست ٹرپل سنچری 

Salman Ali Agha Hits Unbeaten Triple-Century in President’s Trophy

 ایبٹ آباد، 13 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سلمان علی آغا نے ناقابل شکست ٹرپل سنچری اسکور کرکے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے روز کنگز مین اکیڈمی کو ایم آئی ٹی سلوشنز کے خلاف مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کنگز مین اکیڈمی نے 275 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے کھیل دوبارہ شروع کیا، جہاں سلمان علی آغا نے مزید 50 رنز بنا کر اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی۔ وہ 336 گیندوں پر 300 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 42 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ محمد سلیمان نے بھی شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 119 گیندوں پر 115 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، جبکہ ایم آئی ٹی سلوشنز کی جانب سے سلمان اسلم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایم آئی ٹی سلوشنز نے 31 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، محمد فاروق 107 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، تاہم ٹیم کو اب بھی 386 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔ دوسری جانب پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں فخر زمان اور عمران رفیق کی سنچریوں کی بدولت خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 547 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔

شاہین آفریدی نے بھی 49 گیندوں پر 47 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ غنی گلاس کی جانب سے غلام حیدر نے 29.4 اوورز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں غنی گلاس نے دن کے اختتام تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور کے آر ایل سے 347 رنز پیچھے رہی، شرجیل خان 89 گیندوں پر 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ راولپنڈی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے خلاف پہلی اننگز میں تین رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ایس بی پی نے 42 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے کھیل شروع کیا اور 158 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، مبشر خان 62 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ایس این جی پی ایل کی جانب سے احمد صفی عبداللہ اور خان زیب نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ ادھر اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے خلاف برتری حاصل کرلی، محمد طحہ نے 134 رنز بنائے جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی 400 رنز پر آل آؤٹ ہوئی، جس کے بعد حارث رؤف نے او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کو 90 رنز پر پانچ وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔ روحیل نذیر 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، او جی ڈی سی ایل کو مزید 310 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔