
نئی دہلی، 13 ستمبر 2026 (نوشین): بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو متنازع فلم ’کالا ہرن‘ سے متعلق مقدمے میں دہلی ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے، عدالت نے فلم کی سنیما گھروں میں ریلیز فی الحال روک دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کا بیان ریکارڈ کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب تک سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے فلم کی منظوری کا معاملہ زیر التوا ہے، اسے سنیما گھروں میں ریلیز نہیں کیا جاسکتا۔ ’کالا ہرن‘ ایک کرائم تھرلر اور ڈرامہ فلم ہے جس کی کہانی 1998 میں راجستھان میں پیش آنے والے کالے ہرن کے شکار کے واقعے سے متاثر ہے، جس میں سلمان خان کا نام بھی سامنے آیا تھا اور یہ معاملہ طویل قانونی تنازعات کا باعث بنا۔ سلمان خان کے وکیل پراگ کھنڈھر کے مطابق اگلی سماعت تک فلم کو نہ سنیما گھروں میں دکھایا جاسکے گا اور نہ ہی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جاسکے گا۔ عدالت نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل اپنے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 30 ستمبر 2026 کو ہوگی۔ واضح رہے کہ سلمان خان نے ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسرز کے خلاف فلم کی تیاری، تشہیر اور ریلیز رکوانے کے لیے مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔