Tuesday, November 10

سعودی عرب کی مشرق تا مغرب تیل پائپ لائن پر دوبارہ حملہ، مدینہ منورہ کے علاقے میں آگ بھڑک اٹھی

Saudi Arabia’s East-West Oil Pipeline Targeted Again, Fire Reported Near Madinah

اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (غفران): سعودی عرب کی اہم مشرق تا مغرب تیل پائپ لائن کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مدینہ منورہ کے علاقے میں محدود پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، تاہم حکام نے آگ پر قابو پانے اور تیل کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہنے کی تصدیق کی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق سعودی وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پیر 9 نومبر کو مغربی علاقے مدینہ منورہ میں پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا۔ سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی اور خصوصی تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ بجھا دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پائپ لائن کی کارروائیاں بھی متاثر نہیں ہوئیں، تاہم تاحال کسی گروہ کو حملے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔ تقریباً 1200 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے خام تیل بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع تک پہنچاتی ہے۔ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور تیل کی بحری ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث اس پائپ لائن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ سعودی عرب اس راستے سے روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کر رہا ہے، جو عالمی تیل کی مجموعی رسد کا تقریباً 4 فیصد ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ستمبر میں بھی ڈرون حملوں کے بعد اس پائپ لائن کو کئی روز کے لیے بند کرنا پڑا تھا، جبکہ سعودی عرب نے ان حملوں کا الزام عراق سے کارروائیاں کرنے والے مسلح گروہوں پر عائد کیا تھا۔