
اسلام آباد، 13 اکتوبر 2026 (غفران): روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں پولیس اہلکاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اسلام آباد پولیس لائنز میں روسی وزیر داخلہ نے پولیس کے چاق و چوبند دستے کی پریڈ کا معائنہ کیا، جبکہ خصوصی دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ تقریب کے دوران روسی وزیر داخلہ کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا، جسے انہوں نے عقیدت و احترام سے چوما۔ ولادیمیر کولوکولتسیف نے اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور کارکردگی کو سراہا اور نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران میں اعزازات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری، ڈپٹی انسپکٹرز جنرل اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں روسی وزیر داخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دورے کے دوران ولادیمیر کولوکولتسیف نے شکرپڑیاں سے اسلام آباد اور مارگلہ کی پہاڑیوں کے دلکش مناظر بھی دیکھے اور وفاقی دارالحکومت کی قدرتی خوبصورتی کو سراہا۔