Thursday, August 13

روس، پاکستان ماسکو، فیصل آباد اور کراچی کے درمیان مال بردار ریلوے روٹس شروع کرنے کے لیے کوشاں

اسلام آباد، 8 اگست 2026 (غفران): پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوروف نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان ماسکو سے فیصل آباد اور کراچی تک دو طرفہ مال بردار ریلوے روٹس شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ اس منصوبے میں بیلاروس کو شامل کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ماسکو، فیصل آباد اور کراچی کے درمیان مجوزہ مال بردار ریلوے روٹ سے متعلق سوال کے جواب میں روسی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک ماسکو–فیصل آباد اور ماسکو–کراچی کوریڈورز پر پہلے مال بردار ریلوے روٹس کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں 2025 اور 2026 کے اوائل میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث اس منصوبے پر عملدرآمد کئی مرتبہ مؤخر کیا گیا۔

روسی سفیر کے مطابق اس وقت فریقین سروسز کی فراہمی سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دے رہے ہیں، جبکہ مجوزہ روٹ میں شامل ممالک کی ایسی کمپنیوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے جو اپنے سامان کی نقل و حمل کے لیے اس ریلوے کوریڈور سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔البرٹ پی خوروف نے امید ظاہر کی کہ ضروری انتظامات کی تکمیل سے مال بردار ریلوے سروس کے آغاز کی راہ ہموار ہوگی، جس سے روس، پاکستان اور مجوزہ روٹ میں شامل دیگر ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔