Wednesday, September 30

خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی پر غور، وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس

خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی پر غور، وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس

اسلام آباد، 30 ستمبر 2026 (غفران): خیبر پختونخوا میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں گورنر راج یا ایمرجنسی سمیت ممکنہ آئینی اقدامات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور متعلقہ ذمہ داران نے شرکت کی، جبکہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں ممکنہ اقدامات کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 233 اور 234 کے تحت مختلف پہلوؤں پر بھی مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزرا نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت سیاسی مقاصد کو آگے بڑھا رہی ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کو مطلوبہ تعاون فراہم نہیں کر رہی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کچھ بھی کرلے، مجوزہ لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے بھی پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو خط لکھ کر موجودہ صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔