
ڈارون، آسٹریلیا – 13 اگست 2026 (غفران): بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر حسن محمود کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث آسٹریلیا ڈارون میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا، جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے 45 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، تاہم اس کے بعد صرف 74 رنز کے مجموعے تک چار وکٹیں گر گئیں۔جیک ویدرلڈ نے 23، ٹریوس ہیڈ نے 22، کیمرون گرین نے 13 جبکہ مارنس لبوشین نے صرف ایک رن بنایا۔اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے پانچویں وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے آسٹریلوی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم 129 کے مجموعے پر کیری 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اسٹیو اسمتھ ایک جانب سے مزاحمت کرتے رہے، لیکن دوسری جانب وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔اسٹیو اسمتھ 71 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کے سب سے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ بیو ویبسٹر نے 12، کپتان پیٹ کمنز نے 9، ناتھن لائن نے 7 اور مچل اسٹارک نے ایک رن بنایا۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 55 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یہ صرف دوسرا موقع ہے جب بنگلہ دیش کے فاسٹ بولرز نے ٹیسٹ اننگز میں مخالف ٹیم کی تمام 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔حسن محمود کی 55 رنز کے عوض 6 وکٹوں کی کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بنگلہ دیشی فاسٹ بولر کی تیسری بہترین باؤلنگ کارکردگی بھی ہے۔