جوبا، 24 اگست 2026 (کامران راجہ): جنوبی سوڈان کی ریاست جونگلی میں گھات لگا کر کیے گئے حملے میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کے 2 امن اہلکار جاں بحق جبکہ 7 دیگر افراد زخمی ہوگئے، اقوام متحدہ نے تصدیق کردی۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں اقوام متحدہ کے 3 امن اہلکار، جنوبی سوڈان کے 2 پولیس افسران اور اقوام متحدہ کے 2 سویلین عملے کے ارکان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ واقعے کے بعد رواں سال یکم جنوری سے اب تک دورانِ ڈیوٹی پرتشدد کارروائیوں میں جاں بحق ہونے والے اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے حملے کی مکمل اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔اقوام متحدہ جنوبی سوڈان کی سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ امن مشن کے اہلکاروں کی سلامتی اور تحفظ کا احترام کریں۔
