اسلام آباد، 12 اگست 2026 (کامران راجہ): صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔صدر آصف علی زرداری نے جنرل سید عامر رضا کو ملک کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری اور حکومتی حکام نے شرکت کی۔چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے علاوہ چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف بھی تقریب میں موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ، احسن اقبال اور محمد اورنگزیب بھی تقریب میں شریک تھے۔نشانِ امتیاز پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اور عسکری اعزازات میں شمار ہوتا ہے، جو ملک کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں عطا کیا جاتا ہے۔
