Wednesday, August 12

ترجمان دفتر خارجہ: محسن نقوی کا دورہ ایران علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہے

اسلام آباد، 12 اگست 2026 (غفران) — دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کیا گیا ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرا بی نے کہا کہ محسن نقوی منگل کو تہران پہنچے، جہاں وہ ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی معاملات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، جبکہ خطے کے ممالک کے درمیان تعمیری روابط اور امن و استحکام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محسن نقوی کا تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے استقبال کیا، جس کے بعد انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کا ایک اہم مقصد اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور ایران و امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو آگے بڑھانا بھی ہے۔پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد بحران کے حل کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان ایران اور امریکا کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا اور زیرِ التوا معاملات کے حل کے لیے تعمیری مذاکرات کی حمایت کرے گا۔