Monday, September 14

بھگوانت مان نے ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق کردی

Bhagwant Mann Confirms Pakistan's Participation in Asian Champions Trophy

چنڈی گڑھ، 14 ستمبر 2026 (نوشین): پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوانت مان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم بھارت میں ہونے والی آئندہ مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی۔ ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ بھگوانت مان نے پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کہا کہ بھارت کی موجودہ پالیسی کے تحت پاکستان کو کثیر ملکی کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ مقابلے تاحال محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی شرکت پر کوئی مسئلہ نہیں، البتہ بھارت اور پاکستان کے درمیان انفرادی یا دو طرفہ سیریز فی الحال نہیں ہوسکتی۔ ٹورنامنٹ کے میچز جالندھر اور موہالی میں کھیلے جائیں گے، لیگ مرحلے کے مقابلے جالندھر میں ہوں گے جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل موہالی منتقل کیے جائیں گے۔ عمان اور بنگلہ دیش کو متبادل ٹیموں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاکہ کسی ٹیم کے دستبردار ہونے کی صورت میں انہیں شامل کیا جاسکے۔ بھارت دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا، جس نے 2023 میں چنئی اور 2024 میں چین کے شہر ہولون بُوئیر میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ بھارت کی موجودہ کھیلوں کی پالیسی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث دو طرفہ مقابلوں کی اجازت نہیں دیتی، تاہم وزارت کھیل کے مطابق اولمپک چارٹر کے تحت دونوں ممالک کثیر ملکی مقابلوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔ بھگوانت مان نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پنجاب حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی، جبکہ ہاکی انڈیا کے سیکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تعلقات مثبت اور خوشگوار ہیں۔