
اسلام آباد، یکم نومبر 2026 (غفران): بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معروف بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ کا بھتیجا سمیت دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ پولیس لائنز کے قریب فلائی اوور پر پیش آیا جہاں سالگرہ کی تقریب سے واپس آنے والی ایک کار سڑک پر کھڑے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ودات اولکھ اور آرو تالوار کے نام سے ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ودات اولکھ گلوکار ہنی سنگھ کا بھتیجا اور پنجابی میوزک لیبل اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش کا بیٹا تھا، جبکہ آرو تالوار ایک معروف مٹھائی کی دکان کے مالک کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع رات تقریباً تین بجے موصول ہوئی۔ اس وقت بلدیاتی صفائی کا عملہ فلائی اوور پر صفائی کر رہا تھا اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کی گئی تھی۔ کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جا رہی تھی کہ کھڑی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق کار میں پانچ افراد سوار تھے، تاہم ودات اولکھ اور آرو تالوار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر تین افراد مبینہ طور پر پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوانوں کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کیا جس کے بعد لاشیں ان کے حوالے کر دی گئیں۔ واقعے کے بعد ہنی سنگھ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے بھتیجے کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا ایک انتہائی المناک ذاتی سانحہ قرار دیا۔