
اسلام آباد، 29 نومبر 2026 (کامران راجہ): بنگلہ دیش کے ضلع شریعت پور میں معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حامیوں اور حکمراں جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں فائرنگ سے متاثر ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب حسینہ واجد کے حامیوں نے دسمبر میں بھارت سے ان کی مجوزہ وطن واپسی سے قبل احتجاجی لاک ڈاؤن کے سلسلے میں پدما پل کے قریب اہم شاہراہ بند کردی۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح کے وقت ایک گروپ پدما پل کے علاقے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ارادے سے پہنچا تھا، تاہم وہاں موجود افراد کے درمیان اندرونی اختلافات کے باعث تصادم شروع ہوگیا۔ وزیر داخلہ کے مطابق بارڈر گارڈ بنگلہ دیش سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال پر قابو پالیا ہے۔ پدما پل بنگلہ دیش کے جنوب مغربی علاقوں کو دارالحکومت ڈھاکا اور ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا اہم راستہ ہے، جسے حسینہ واجد کے حامیوں نے اپنے اعلان کردہ احتجاجی پروگرام کے تحت بند کیا تھا۔