اسلام آباد، 7 نومبر 2026 (غفران): خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔
