
کیف، 24 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم وزیراعظم بننے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر کیف پہنچنے والے ہیں، جہاں وہ یوکرین کو اپنے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کرنے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرنے کے اقدام کا اعلان کریں گے۔ دورۂ کیف کے دوران برنہم ’’کولیشن آف دی وِلنگ‘‘ کے پہلے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ یہ اتحاد ان کے پیشرو سر کیئر اسٹارمر کے دور میں برطانیہ اور فرانس نے یوکرین کے لیے بین الاقوامی حمایت کو مربوط کرنے کے لیے قائم کیا تھا۔ برنہم برطانوی عوام کی جانب سے یوکرین کے لیے برطانیہ کی حمایت کے اعتراف میں ایک ایوارڈ بھی وصول کریں گے اور یوکرین کے یومِ آزادی کی 35ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ یوکرین کے لیے برطانیہ کی مسلسل فوجی حمایت کے تحت برنہم اعلان کریں گے کہ ان کی حکومت دفاعی کمپنی ایم بی ڈی اے کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسکیلپ میزائل میں استعمال ہونے والے برطانوی پرزہ جات سے متعلق معلومات کو خفیہ دستاویزات سے خارج کرنے کی اجازت دے گی۔ اسکیلپ فرانس کا وہ میزائل ہے جو برطانیہ کے اسٹورم شیڈو کے مساوی سمجھا جاتا ہے۔ اس اقدام سے یوکرین کو روسی حملوں کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے اپنے ملک میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت میں اضافے کی توقع ہے۔
برنہم کا دورہ یوکرین میں حالیہ ہفتوں کے دوران روسی حملوں میں اضافے کے پس منظر میں ہو رہا ہے۔ جمعے کے روز ایک شاپنگ سینٹر پر ہونے والے حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے تھے دورے سے قبل برنہم نے یوکرین کے لیے برطانیہ کی طویل مدتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرینی عوام کو اس حوالے سے کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ برطانیہ آج بھی اور جب تک ضرورت ہوگی، ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو یوکرین کے لیے اپنے کردار پر فخر ہے اور اس کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ ان کے مطابق یوکرین کی سلامتی دراصل برطانیہ کی سلامتی سے بھی منسلک ہے۔ برنہم نے مزید کہا کہ یوکرین اور برطانیہ کی دوستی روس کی جاری جنگ سے کہیں زیادہ دیرپا ہوگی اور برطانیہ اس وقت تک کیف کی حمایت جاری رکھے گا جب تک منصفانہ اور پائیدار امن قائم نہیں ہوجاتا۔