Sunday, August 16

ایم کیو ایم-پاکستان کا نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ، موجودہ نظام میں سندھ کا انتظام مشکل قرار


ایم کیو ایم-پاکستان کا نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ، موجودہ نظام میں سندھ کا انتظام مشکل قرار

کراچی، 16 اگست 2026 (غفران): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پاکستان) نے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کے لیے اپنی مہم تیز کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ انتظامی نظام کے تحت سندھ کو مؤثر انداز میں چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ایم کیو ایم-پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انتظامی ساخت میں آبادی میں اضافے کے مطابق تبدیلی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا، تاہم نئے صوبے نہیں بنائے گئے، جس کے باعث موجودہ انتظامی نظام پر دباؤ بڑھتا گیا ہے۔خالد مقبول صدیقی کے مطابق نئے صوبوں کا مطالبہ کسی سیاسی یا تنظیمی ایجنڈے کا حصہ نہیں بلکہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور عوام کو مؤثر سرکاری سہولیات کی فراہمی کا معاملہ ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مل بیٹھ کر سنجیدہ مذاکرات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کی گنجائش پہلے سے موجود ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے پاکستان تقسیم نہیں ہوگا اور نہ ہی سندھ کی جغرافیائی حدود تبدیل ہوں گی، بلکہ یہ انتظامی اقدامات ہوں گے جن کا مقصد حکومت کو عوام کے قریب لانا ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو اربوں روپے کے فنڈز ملنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ضروری ہے۔فاروق ستار نے کراچی کو پاکستان کا معاشی دارالحکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو مزید انتظامی اختیارات دیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملکی ٹیکس آمدن اور برآمدات میں نمایاں حصہ ڈالتا ہے، تاہم اس کے باوجود شہر کو بدانتظامی اور کرپشن جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ انتظامی نظام میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مؤثر بلدیاتی حکومتوں اور اضافی انتظامی یونٹس کے قیام کو بہتر طرز حکمرانی، محرومیوں میں کمی اور ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔