
لاہور، 12 اگست 2026 (کامران راجہ) — وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کاپی رائٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شاہد اور زاہد عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو بھٹہ چوک اور ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقوں میں کی گئی الگ الگ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔کارروائی کے دوران ایف آئی اے حکام نے معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کے نام سے تیار کی جانے والی بڑی تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد کر لیں۔ حکام کے مطابق ملزمان متعلقہ کمپنیوں کی اجازت کے بغیر ان کی مصنوعات تیار اور فروخت کر رہے تھے۔ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔