
ملتان، 14 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن ملتان نے غیر قانونی ہجرت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بین الاقوامی سرحدیں عبور کرکے بیرون ملک جانے والے 7 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار مسافروں کی شناخت حیدر عباس، اقتدار حسین، حسن علی، علی بخش، ثناء اللہ، محمد ادریس اور عرفان احمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں غیر قانونی قیام اور غیر مجاز بارڈر کراسنگ کے باعث ملائیشیا، عراق اور دیگر ممالک سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافر فلائٹ نمبر G9558 کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچے تھے اور امیگریشن کلیئرنس کے دوران بیرون ملک روانگی سے متعلق ان کا کوئی سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہیں تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے غیر قانونی راستوں کے ذریعے بین الاقوامی سرحدیں عبور کرکے بیرون ملک سفر کیا، جبکہ ایجنٹوں نے ملازمت کا جھانسہ دے کر انہیں بیرون ملک بھجوانے کا انتظام کیا۔ ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ٹریول ایجنٹوں اور غیر قانونی ہجرت میں سہولت کاری کرنے والے نیٹ ورک کی مزید تحقیقات کے لیے معاملہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کو بھجوا دیا ہے۔ ایف آئی اے نے غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔