Friday, September 11

ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کی ایم ایم اے میں تاریخی پیش رفت

Pakistan Achieves MMA Milestone at Asian Games 2026

ناگویا، 11 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 میں پہلی مرتبہ مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کی باضابطہ شمولیت کے بعد کھیل میں اپنی نمائندگی یقینی بنا لی ہے۔ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (پی ایم ایم اے ایف) کے مطابق ابو حریرہ کو بین الاقوامی تکنیکی عہدیدار اور ریفری، عاصم خان کو کھلاڑی جبکہ دلاور خان سنان کو ٹیم عہدیدار مقرر کیا گیا ہے۔ ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (اے ایم ایم اے) نے پاکستان کے اعلیٰ درجہ رکھنے والے اور تجربہ کار ایم ایم اے ریفری ابو حریرہ کو ایشین گیمز میں ایم ایم اے مقابلوں کے لیے بین الاقوامی تکنیکی عہدیدار اور ریفری منتخب کیا ہے۔ پی ایم ایم اے ایف کے صدر ذوالفقار علی نے ایشین گیمز میں پاکستان کی تاریخی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے ابو حریرہ کی بطور عہدیدار تقرری پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ ایشین گیمز میں ایم ایم اے کی شمولیت اور پاکستان کی بطور کھلاڑی اور عہدیدار نمائندگی ملک کی مکسڈ مارشل آرٹس کی تاریخ میں اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے پاکستان کے نوجوان ایم ایم اے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ابو حریرہ، عاصم خان اور دلاور خان سنان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پی ایم ایم اے ایف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ایشین گیمز میں پاکستان کے نمائندوں کی کامیابی، بہترین کارکردگی اور ملک کے لیے اعزاز حاصل کرنے کے لیے خصوصی دعائیں کرے۔