
کراچی، 21 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان نے 2026 ایشین گیمز میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کر لیا، کراچی سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے کھلاڑی عاصم خان نے اپنے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ عاصم خان کو مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مقابلے کے قواعد کے تحت سیمی فائنل میں پہنچنے کے باعث ان کا کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا۔ تمغہ دینے کی تقریب منگل کو منعقد ہوگی۔ ٹیم لیڈر دلاور خان نے کہا کہ عاصم خان نے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے تمغوں کا کھاتہ کھول دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ باقی مقابلوں میں بھی ملک مزید تمغے حاصل کرے گا۔ یہ عاصم خان کا پہلا ایشین گیمز کا تمغہ ہے، اس سے قبل وہ عالمی چیمپئن شپ میں کانسی اور ایشین سطح پر چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ عاصم خان بدھ کو کراچی واپس پہنچیں گے۔ دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں کی دیگر مقابلوں میں شرکت جاری رہی۔ تیراک حمزہ آصف نے مردوں کی 50 میٹر فری اسٹائل کی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تاہم مجموعی طور پر 30ویں نمبر پر رہے۔ مکسڈ ٹرائیتھلون فائنل میں علی حسن مقررہ وقت میں مقابلہ مکمل نہ کر سکے جس کے باعث پاکستان کی ٹیم کو این ڈی ایف قرار دیا گیا، جبکہ ثنا عارف، انیشہ اور مستغیث نور نے تیراکی، سائیکلنگ اور دوڑ کے مراحل مکمل کیے۔ کوچ عبدالغفار گجر نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان مجموعی درجہ بندی میں 14ویں نمبر پر رہا۔ پاکستان کو مکسڈ ڈبلز سافٹ ٹینس میں چائنیز تائپے، جنوبی کوریا اور فلپائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ خواتین کی ٹیبل ٹینس ٹیم گروپ مرحلے میں روایتی حریف بھارت سے بھی ہار گئی۔