Wednesday, August 12

ایاز صادق اور یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال کی ملاقات، پاک یورپی یونین تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (کامران راجا): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں جانب پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں انتہائی معمولی حصہ رکھنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے گرین پارلیمنٹ انیشی ایٹو کو ماحولیاتی تحفظ اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے عملی اقدام قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی اصلاحات، ویمن پارلیمانی کاکس، پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال اور پائیدار ترقی کے اہداف کے سیکریٹریٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، تربیت اور روزگار کے شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ایاز صادق نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے علاقائی امن، پارلیمانی سفارت کاری اور عالمی تعاون کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان اور یورپی یونین کے مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔