Wednesday, September 16

امریکی رکن کانگریس کا ترکیہ اور پاکستان سے سعودی عرب کی حمایت کا مطالبہ

US Lawmaker Urges Türkiye, Pakistan to Support Saudi Arabia Against Houthis 

 اقوام متحدہ، 16 ستمبر 2026 (نوشین): امریکی ریپبلکن رکن کانگریس جو ولسن نے ترکیہ اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر حوثیوں کے خلاف اقدامات کریں۔ یہ بیان سعودی اتحادی افواج کی جانب سے مکہ مکرمہ کے اوپر حوثیوں کے ڈرون کو روکنے کی اطلاع کے بعد سامنے آیا۔ جو ولسن نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نشانہ بنایا ہے اور انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تعاون کرنے پر ترکیہ اور پاکستان پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مکہ اتحاد کی کوئی اہمیت ہے تو ترکیہ اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ مل کر حوثیوں کے خلاف کارروائی اور یمن سے متعلق کوششوں میں تعاون کرنا چاہیے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتا ہے، جبکہ باب المندب میں حملوں کے عالمی معیشت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ یمنی مندوب نے دوسری جانب عالمی برادری سے حوثیوں کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور حوثیوں کی کارروائیوں کو علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔