Wednesday, November 18

اقوام متحدہ نے افغانستان میں سردیوں سے قبل 8 لاکھ 24 ہزار افراد کی امداد کے لیے 18 ملین ڈالر جاری کر دیے

UN Allocates $18 Million in Emergency Aid to Support 824,000 People in Afghanistan Ahead of Winter

اقوام متحدہ، 18 نومبر 2026 (کامران راجہ): افغانستان میں انسانی امداد کی سرگرمیوں کو درپیش مالی قلت کے پیش نظر اقوام متحدہ نے 2026-27 کی سردیوں سے قبل 8 لاکھ 24 ہزار افراد کی مدد کے لیے مرکزی ہنگامی امدادی فنڈ (سی ای آر ایف) سے 18 ملین ڈالر جاری کر دیے ہیں۔ اقوام متحدہ کے امدادی امور کے سربراہ ٹام فلیچر کی جانب سے جاری کردہ یہ رقم 48 ملین ڈالر کے وسیع تر مربوط امدادی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد افغانستان میں کمزور اور متاثرہ آبادی کی فوری ضروریات پوری کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کی رابطہ کاری (اوچا) کے مطابق فنڈز کے ذریعے خوراک اور زراعت، صحت، غذائیت، تحفظ، رہائش اور پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت سے متعلق سات منصوبوں کی معاونت کی جائے گی۔ امداد کا مقصد بنیادی ضروریات پوری کرکے، ضروری خدمات کی فراہمی برقرار رکھتے ہوئے اور شدید انسانی بحران سے متاثرہ علاقوں میں سردیوں کے خطرات سے نمٹتے ہوئے قابلِ روک تھام اموات، بیماریوں اور تحفظ سے متعلق خطرات کو کم کرنا ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے انسانی امدادی رابطہ کار برونو لیمارکیس نے کہا کہ آنے والی سردیاں ان خاندانوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کریں گی جو پہلے ہی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اس لیے حالات مزید خراب ہونے سے قبل خوراک، صحت کی سہولیات، صاف پانی اور تحفظ کی خدمات تک رسائی یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز انسانی امدادی اداروں کو زیادہ خطرات سے دوچار افراد تک پہنچنے میں مدد دیں گے، تاہم امداد کی مربوط فراہمی اور مقامی و قومی تنظیموں، خصوصاً خواتین کی قیادت میں کام کرنے والے اداروں کی شمولیت بھی انتہائی اہم ہے۔ امدادی منصوبے میں واپس آنے والے افغان شہریوں، اندرون ملک بے گھر افراد اور میزبان آبادیوں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ خواتین، لڑکیوں، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی ضروریات پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی۔ خواتین کی قیادت میں کام کرنے والی تنظیمیں اور خواتین امدادی کارکن بھی خواتین اور لڑکیوں تک امداد پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اوچا کے مطابق سی ای آر ایف کی 18 ملین ڈالر کی رقم کے علاوہ افغانستان ہیومینیٹیرین فنڈ (اے ایچ ایف) سے مزید 30 ملین ڈالر فراہم کیے گئے ہیں، جس سے مجموعی امدادی منصوبہ 48 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ سی ای آر ایف کے ذریعے اقوام متحدہ کے اداروں کو ضروری سامان، مہارت اور بنیادی خدمات کی فراہمی میں معاونت ملے گی جبکہ اے ایچ ایف انسانی امدادی شراکت داروں کو براہ راست فنڈز فراہم کرے گا تاکہ سردیوں کی امداد، فوری ضروریات اور ایل نینو سے متاثرہ کمزور آبادیوں کے لیے خطرات کم کرنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔ مرکزی ہنگامی امدادی فنڈ اقوام متحدہ کا عالمی امدادی نظام ہے، جس کے ذریعے بحرانوں اور ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کو بروقت انسانی امداد فراہم کی جاتی ہے۔