
کراچی، 6 نومبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکار اعجاز اسلم نے 1990 کی دہائی کے پی ٹی وی کے ایک یادگار عید پروگرام کی نایاب ویڈیو شیئر کرکے مداحوں کو ماضی کی حسین یادوں میں پہنچا دیا۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں اعجاز اسلم کے ساتھ معروف اداکار اور کامیڈین مرحوم خواجہ اکمل اور عدنان صدیقی بھی نظر آ رہے ہیں، جبکہ پروگرام کی میزبانی لیلیٰ واسطی نے کی تھی۔ ویڈیو میں فنکاروں کے درمیان خوشگوار گفتگو اور دلچسپ سوال و جواب کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پروگرام کا ایک دلچسپ لمحہ اس وقت سامنے آتا ہے جب اعجاز اسلم، خواجہ اکمل سے سوال کرتے ہیں کہ وزن بڑھ جانے کے بعد ایک اداکار کے لیے کیا مواقع باقی رہ جاتے ہیں، جس پر خواجہ اکمل مزاحیہ انداز میں سینما اسکوپ کا حوالہ دیتے ہیں اور محفل قہقہوں سے گونج اٹھتی ہے۔ اعجاز اسلم نے بتایا کہ یہ 1990 کی دہائی کا عید شو تھا، تاہم انہیں پروگرام کے اصل موقع کے بارے میں مکمل یقین نہیں۔ ان کے مطابق پروگرام کی ٹیم نے مہمانوں کے لیے چند دلچسپ سوالات تیار کیے تھے، لیکن گفتگو کا انداز بالکل فطری اور بے ساختہ تھا۔ اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس دور میں نہ شاندار سیٹ ہوتے تھے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے اسکرپٹ، بلکہ فنکاروں کے درمیان خلوص، احترام اور حقیقی گفتگو ہوا کرتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ٹیلی ویژن کے انداز، پروگراموں اور پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں، تاہم ماضی کی سادگی اور خوبصورتی آج بھی ان کے دل کے قریب ہے۔ اعجاز اسلم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان خوبصورت دنوں کو الفاظ سے بڑھ کر یاد کرتے ہیں اور اسی احساس کو انہوں نے اپنے مختصر جملے ’’وہ دن بھی کیا دن تھے‘‘ کے ذریعے بیان کیا۔ ان کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو نے مداحوں کو بھی پی ٹی وی کے سنہری دور کی یاد دلا دی ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین ماضی کے ان سادہ اور یادگار ٹیلی ویژن پروگراموں کو سراہ رہے ہیں۔