اسلام آباد، 14 ستمبر 2026 (غفران): اسلام آباد میں متوقع سیاسی اور عوامی سرگرمیوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر لیے ہیں۔ کابینہ سیکریٹری نے صوبائی حکومتوں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں، جبکہ کابینہ ڈویژن نے بھی مطلوبہ پولیس نفری کی دستیابی اور تعیناتی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔ تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ نفری 20 ستمبر تک اسلام آباد میں تعینات کی جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاج اور ریلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچا دیے گئے ہیں۔ انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے دیگر ضروری وسائل بھی الرٹ کر دیے گئے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارتوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے۔
