
اسلام آباد، 19 اکتوبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پیر کے روز تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے روانہ ہوگئے، جہاں وہ 19 اور 20 اکتوبر 2026 کو منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس کی کارروائی میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر تاجکستان کی قیادت سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ یہ اجلاس رکن ممالک کے لیے علاقائی تعاون، اقتصادی ترقی، تجارت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان کی اس اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ روابط مضبوط بنانے، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔