Thursday, August 13

آزاد کشمیر کے حویلی میں انتخابی تنازع پر سیاسی کشیدگی میں اضافہ، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ

مظفرآباد، 12 اگست 2026 (نوشین): آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے-17 حویلی میں حالیہ انتخابی تنازع کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ ہٹار گاؤں میں سڑک کنارے کھڑی متعدد گاڑیوں میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے، جبکہ بعض افراد کے پاسپورٹ اور نقدی لے جانے کے بھی الزامات سامنے آئے ہیں۔یہ واقعہ مبینہ طور پر ہٹار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد ہاشمی کی رہائش گاہ کے باہر پیش آیا۔ مقامی ذرائع نے الزام عائد کیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور ایک آزاد امیدوار سے وابستہ کارکنوں نے رہائش گاہ کے باہر موجود افراد پر حملہ کیا۔ واقعے کے دوران سڑک کنارے کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔متاثرہ گاڑیوں میں بعض ایسی گاڑیاں بھی شامل تھیں جن کے مالکان ووٹ ڈالنے کے لیے خصوصی طور پر سعودی عرب سے حویلی آئے تھے۔ الزام ہے کہ گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے بعد بعض افراد کے پاسپورٹ اور نقدی بھی لے لی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں، جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

حلقہ ایل اے_ 17 حویلی میں حالیہ انتخابی تنازع کے بعد پہلے ہی سیاسی ماحول کشیدہ تھا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر حویلی نے بدھ کے روز فارم 27 کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو کامیاب قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔نوٹیفکیشن کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر مسلم لیگ ن کے حامیوں کی جانب سے مبینہ حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ ہٹار میں گاڑیوں کی حالیہ توڑ پھوڑ کے واقعے نے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔مقامی رہائشیوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ہٹار اور دیگر مقامات پر پیش آنے والے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے حملوں یا توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔