Wednesday, November 25

آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی

Oil Prices Fall Over 1.5% Despite Rising Tensions in Strait of Hormuz

اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (کامران راجہ): آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی اور تجارتی بحری جہازوں پر نامعلوم سمت سے حملوں کی اطلاعات کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کے روز ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک ڈالر 47 سینٹ یعنی 1.6 فیصد کمی کے بعد 89.93 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت ایک ڈالر 52 سینٹ یعنی 1.9 فیصد کمی سے 80.53 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی ممکنہ اضافی رسد ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز اور متبادل راستوں سے تیل کی ترسیل جاری ہے جبکہ متعدد تیل تنصیبات بھی دوبارہ فعال ہوچکی ہیں۔ 2027 میں عالمی سطح پر تیل کی پیداوار میں اضافے اور طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کے خدشات بھی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ عالمی منڈی کی نظریں اب 29 نومبر کو ہونے والے اوپیک پلس اجلاس پر مرکوز ہیں، جس میں آئندہ سال کے لیے تیل کی پیداواری پالیسی سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔ دوسری جانب امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 20 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں ایک لاکھ 26 ہزار بیرل کا معمولی اضافہ ہوا۔ برطانوی بحری تجارتی ادارے کے مطابق پیر کے روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین بحری جہاز نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل حملوں کا نشانہ بنے، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی ایک بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔