Thursday, August 20

آئی سی سی نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ پر عائد ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لی

ICC Rescinds Demerit Point on Gaddafi Stadium Pitch ICC Rescinds Demerit Point on Gaddafi Stadium Pitch

لاہور، 20 اگست 2026 (غفران): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو جون میں کھیلے گئے میچز کی پچ ریٹنگز سے متعلق تین اپیلوں پر اپنے فیصلے کا اعلان کردیا۔ یہ اپیلیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ کینیڈا کی جانب سے عائد کیے گئے ڈی میرٹ پوائنٹس کے خلاف دائر کی گئی تھیںآئی سی سی اپیلز پینل نے میچز کی ویڈیو فوٹیج، میچ ریفریز کی رپورٹس اور کپتانوں کے تبصروں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کیے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی پچ پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ کے لیے ’’غیر تسلی بخش‘‘ ریٹنگ پر عائد ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا ہے۔اپیلز پینل نے قرار دیا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی پچ اینڈ آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسیس کی ہدایات پر عمل کیا تھا، تاہم پچ پر غیر معمولی ناہمواری یا اسپن نہیں دیکھی گئی۔دوسری جانب کنگ سٹی، ٹورنٹو کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کو 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ کے لیے ’’غیر تسلی بخش‘‘ ریٹنگ دی گئی تھی۔ اپیلز پینل نے قرار دیا کہ 8 جون کو استعمال ہونے والی پچ کی صورتحال تسلی بخش پچ کے معیار کے مطابق تھی اور اس پر غیر معمولی ناہمواری، سیَم موومنٹ یا اسپن نہیں تھی، لہٰذا اس میچ کا ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا۔تاہم اسی گراؤنڈ پر 16 جون کو ہونے والے میچ کے لیے ’’ناقابلِ استعمال‘‘ قرار دی گئی پچ کے تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رہیں گے۔ پینل کے مطابق اس پچ کی حالت خطرناک تھی اور ’’ناقابلِ استعمال‘‘ پچ کی ریٹنگ کے معیار پر پوری اترتی تھی۔آئی سی سی کے فیصلے کے بعد میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کے ریکارڈ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار ہیں، جبکہ قذافی اسٹیڈیم اب کسی بھی ڈی میرٹ پوائنٹ سے پاک ہوگیا ہے۔