Saturday, November 14

کیون فائیگی کی تصدیق، ایونجرز: ڈومز ڈے میں ڈاکٹر ڈوم ٹونی اسٹارک کا متبادل کردار نہی

Kevin Feige Confirms Doctor Doom Is Not a Tony Stark Variant in Avengers: Doomsday

نومبر 14, 2026 (غفران): مارول اسٹوڈیوز کے صدر کیون فائیگی نے تصدیق کی ہے کہ آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کا کردار ڈاکٹر ڈوم ہوگا، جو ٹونی اسٹارک سے بالکل الگ شخصیت ہے۔ انہوں نے اس قیاس آرائی کو مسترد کر دیا کہ اداکار کی مارول سنیماٹک یونیورس میں واپسی آئرن مین کے کسی متبادل کردار کے ذریعے ہو رہی ہے۔ ایمپائر میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کیون فائیگی نے واضح کیا کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر فلم میں وکٹر وان ڈوم کا کردار ادا کریں گے، نہ کہ ٹونی اسٹارک کے کسی متبادل روپ میں نظر آئیں گے۔ اس اعلان کے بعد شائقین میں خاصی دلچسپی پیدا ہوئی ہے، کیونکہ مارول فلموں میں ماضی میں مختلف کرداروں کے متبادل روپ متعارف کرائے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب فلم کے ہدایت کار جو روسو نے ڈاکٹر ڈوم کو ایک خوفناک اور پیچیدہ ولن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی شخصیت ذاتی صدمات، تاریک جادو اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے انتہائی قربانیاں دینے کی صلاحیت سے تشکیل پاتی ہے۔ جو روسو کے مطابق ڈاکٹر ڈوم کا ماضی، خصوصاً اپنی اولاد کو کھونے کا صدمہ، اس کے کردار اور محرکات پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ فلم کے دوسرے ہدایت کار انتھونی روسو نے ڈاکٹر ڈوم کے غرور کا موازنہ تھانوس سے کرتے ہوئے کہا کہ نیا ولن اپنی اہمیت کے احساس میں اس سے بھی زیادہ آگے ہے۔ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے بھی منفی کردار ادا کرنے پر جوش کا اظہار کیا ہے اور اشارہ دیا ہے کہ ڈاکٹر ڈوم کے عزائم غیر معمولی حد تک بڑے ہوں گے۔ روسو برادران کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں کئی بڑے اداکار شامل ہیں اور اسے 18 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔ یہ فلم رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی مارول سنیماٹک یونیورس میں واپسی ہوگی، تاہم اس بار وہ آئرن مین کے بجائے ایک بالکل مختلف اور خطرناک کردار میں دکھائی دیں گے۔