
اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (نوشین): برطانوی اداکارہ کیرا نائٹلی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2003 میں ریلیز ہونے والی مشہور رومانوی کرسمس فلم ’لو ایکچولی‘ کو اس کے پریمیئر کے بعد سے دوبارہ نہیں دیکھا اور انہیں فلم کی زیادہ تر باتیں یاد بھی نہیں۔ ہارٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے وقت ان کی عمر 18 سال تھی اور جب مداح فلم کے مشہور مکالمے دہراتے ہیں تو انہیں اکثر ان کے حوالے سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے۔ کیرا نائٹلی کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کی عمر صرف 17 سال تھی اور انہوں نے اس کی عکس بندی میں محض ایک ہفتہ کام کیا، جس کی وجہ سے انہیں اس تجربے کی زیادہ یادیں نہیں۔ اداکارہ نے فلم کی مسلسل مقبولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو پسند کرتی ہیں کہ فلم آج بھی ناظرین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔ فلم میں کیرا نائٹلی نے جولیئٹ کا کردار ادا کیا تھا، جس کے شوہر کا قریبی دوست مارک، اینڈریو لنکن کی اداکاری میں، ہاتھ سے لکھے کارڈز کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کرتا ہے۔ تاہم کیرا نائٹلی ماضی میں اس منظر کو قدرے غیر آرام دہ اور عجیب قرار دے چکی ہیں۔ 2024 میں لاس اینجلس ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ شوٹنگ کے دوران بھی انہیں اس منظر کے رومانوی انداز پر تحفظات تھے اور ان کے خیال میں ناظرین اکثر اس حقیقت کو نظر انداز کردیتے ہیں کہ اس وقت ان کی عمر صرف 17 سال تھی۔