
اسلام آباد، 30 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزارت خارجہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کے سینئر نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے باہمی اعتماد، باہمی مفاد، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی کے ’’شنگھائی جذبے‘‘ کے تحت پاکستان کی کھلی، جامع اور تعمیری سربراہی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سربراہی کے موضوع ’’وژن کو عمل میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کو اجاگر کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور عملی اقدامات پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے 2027 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تیاریوں کا بھی ذکر کیا اور کامیاب سربراہی کے لیے رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔