
راولپنڈی، یکم اگست 2026(کامران راجہ): عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پیپلز لبریشن آرمی کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مستحکم رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون، علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اس یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔