Friday, September 11

چین میں کارگو جہاز میں آتشزدگی، 20 افراد جاں بحق

20 Killed in China Cargo Ship Fire

بیجنگ، 10 ستمبر 2026 (غفران): مشرقی چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں مرمت کے دوران غیر ملکی پرچم بردار کارگو جہاز میں اچانک آگ بھڑکنے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ چینی میڈیا کے مطابق اوشن میلوڈی نامی جہاز بیہائی شپ بلڈنگ میں مرمت کے لیے موجود تھا کہ اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ جہاز لائبیریا کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔ جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد سوار تھے، جن میں سے 12 کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ زخمی ہونے والے 5 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ مزید 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیموں نے تین گھنٹے سے زائد جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے قریب لگی اور تقریباً ڈھائی بجے تک اسے بجھا دیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے، متاثرہ افراد کی مدد کرنے اور ایسے بڑے حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔