
ماسکو، 16 ستمبر 2026 (غفران): روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بدھ کے روز آئندہ پارلیمانی انتخابات میں عوام کی شرکت کو یوکرین میں جاری روسی جنگ کے لیے عوامی حمایت کا پیمانہ قرار دیتے ہوئے شہریوں پر ووٹ ڈالنے پر زور دیا۔ روس میں 450 رکنی ریاستی دوما کی تشکیل کے لیے تین روزہ پارلیمانی انتخابات جمعہ سے شروع ہوں گے۔ یہ فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے مکمل حملے کے بعد پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں اور ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب جنگ کے معیشت اور عوامی رجحانات پر اثرات کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔ بیشتر جنگ مخالف امیدواروں کو انتخابی میدان سے باہر رکھا گیا ہے، جبکہ سیاسی نظام بدستور سخت کنٹرول میں ہے اور پیوٹن کی حمایت یافتہ حکمران جماعت یونائیٹڈ رشیا کی پارلیمان میں بالادستی برقرار رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ انتخابات سے قبل ٹیلی وژن پر خطاب میں پیوٹن نے جنگ اور یوکرین کے روس کے زیر کنٹرول علاقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ بیرونی دباؤ کے مقابلے میں قومی اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرنے میں مدد دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات ان عناصر کے خلاف اجتماعی ردعمل بھی ہوں گے جو روس کو کمزور کرنے، اس کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور اس کی خودمختاری و مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔