لاہور، 21 اگست 2026 (غفران): پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی بورڈز میں 15 سال کے طویل وقفے کے بعد بھرتیاں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت مختلف خالی آسامیوں پر تقرریوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق لاہور اور فیصل آباد سمیت صوبے کے مختلف تعلیمی بورڈز میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے بھرتیاں کی جائیں گی تاکہ عملے کی کمی کو دور کیا جا سکے۔ خالی آسامیوں میں کمپیوٹر پروگرامر، اسسٹنٹ، سینئر کمپیوٹر آپریٹر، ڈپٹی سیکریٹری، اسسٹنٹ سیکریٹری اور اسٹیٹ آفیسر سمیت دیگر عہدے شامل ہیں۔ لاہور میں بی ایس-16 اور بی ایس-17 کی 33 آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ حکام کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ان آسامیوں پر تقرریاں پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے ذریعے مقررہ بھرتی کے طریقہ کار کے تحت کی جائیں گی۔ بھرتیوں کے اس عمل سے تعلیمی بورڈز میں عملے کی کمی دور کرنے اور ان کی انتظامی، تکنیکی اور آپریشنل صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ 15 سال بعد بھرتیوں کا عمل دوبارہ شروع ہونے سے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی اور انتظامی امور میں مزید بہتری آنے کی بھی توقع ہے۔
