Sunday, October 18

پشاور میں پولیس چوکی پر حملہ ناکام، کانسٹیبل شہید؛ کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ ہلاک

Police Foil Terrorist Attack on Peshawar Checkpost; Constable Martyred, Kohat Police Lines Attack Mastermind Killed

پشاور، 17 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پشاور کے علاقے حسن خیل میں پولیس نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا سپین میلہ پولیس چوکی پر حملہ ناکام بنا دیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا، جبکہ جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے سانحے کو ٹال دیا اور 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں واقع ایک بند مکان کو پانچ سے چھ ماہ قبل ایک افغان خاندان نے کرائے پر لیا تھا۔ تعمیراتی کام کے لیے مکان کھولنے پر مشکوک پریشر ککر بم ملا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بی ڈی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کامیابی سے بم ناکارہ بنا دیا۔ دریں اثنا، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) لکی مروت اور سکیورٹی فورسز نے ایف آر لکی مروت میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خارجی دہشت گرد زاہد گل کو ہلاک کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد سنگین دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب تھا اور بلی ٹنگ میں بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق ڈکیتی کی رقم بنوں کے علاقوں بکا خیل اور جانی خیل میں سرگرم دہشت گرد گروہوں میں تقسیم کی گئی تھی۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ زاہد گل کا گل بہادر گروپ سے قریبی رابطہ تھا اور وہ کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا تھا۔